پشا ور (اے بی این نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے خیبرپختونخوا حکومت کے خلاف “صوبہ بچاؤ احتجاج” کیا گیا جس میں کارکنوں اور رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ احتجاج کے دوران مظاہرین نے حکومت کی پالیسیوں اور مبینہ بدانتظامی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
احتجاج کے دوران صورت حال اس وقت کشیدہ ہو گئی جب مظاہرین نے پشاور کے حساس علاقے ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ مظاہرین کی جانب سے ریڈ زون کے مرکزی دروازے پر دباؤ ڈالا گیا جس کے نتیجے میں گیٹ ٹوٹ گیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی، جس سے موقع پر افراتفری پھیل گئی۔
پشاور پولیس نے ریڈ زون کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی ہے اور مظاہرین کو واپس دھکیلنے کی کوششیں جاری ہیں۔ پیپلز پارٹی کے مقامی رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ حکومت جمہوری احتجاج کے راستے بند کر رہی ہے اور ان کے کارکنوں پر طاقت کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
احتجاج کے شرکاء کا کہنا تھا کہ جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں ہوتے، وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔ دوسری جانب حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش غیر قانونی تھی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے حالات کو قابو میں رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔















