اسلام آباد (اے بی این نیوز) – پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر کے بعد ملک کی فضائی حدود تمام اقسام کی پروازوں کے لیے دوبارہ کھول دی گئی ہیں۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس اب معمول کے فلائٹ آپریشنز کے لیے دستیاب ہیں، اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی پروازوں کے تازہ ترین شیڈول کے لیے متعلقہ ایئرلائن سے رابطہ کریں۔
اس پیش رفت کے کچھ دیر بعد، ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور بھارت نے فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی وضاحت کی کہ پاکستان نے ہمیشہ امن و سلامتی کے لیے اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر سمجھوتہ کیے بغیر اقدامات کیے ہیں۔
اسحاق ڈار نے مزید بتایا کہ سیز فائر کا نفاذ آج شام ساڑھے چار بجے سے ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کو واضح پیغام دیا تھا کہ اگر وہ رک جائے تو پاکستان بھی جوابی کارروائی نہیں کرے گا، تاہم بھارتی جارحیت کے جاری رہنے پر پاکستان نے مؤثر ردعمل دیا۔















