لاہور (اے بی این نیوز) – مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے حالیہ قومی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے عسکری اور سیاسی قیادت کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے کہا: “اللہ رب العزت کا شکر ہے کہ اس نے پاکستان کو سر بلند کیا۔”

نواز شریف نے وزیر اعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، چیف آف ایئر اسٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سندھو اور تمام افواجِ پاکستان کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ کامیابی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ سے امن کا خواہاں ملک ہے، لیکن اپنے دفاع اور خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرتا۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان اور بھارت کے درمیان سیزفائر پر اتفاق کیا گیا ہے، جسے دنیا بھر میں پاکستان کی ایک بڑی سفارتی اور عسکری کامیابی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ نواز شریف نے اپنے پیغام کے اختتام پر قومی نعرہ بلند کیا: “پاکستان زندہ باد!”















