اسلام آباد(اے بی این نیوز )وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ حکومت کوشش کرے گی کہ آئی ایم ایف معاہدے کے اثرات غریب عوام پر نہ پڑیں، کوئی بھی اس حق میں نہیں کہ ہمیں قرض لینے پڑیں ،وزیر اعظم شہباز شریف نے کفایت شعاری کو اپنانے کے حوالے سے ایک کمیٹی بنائی ہے،گزشتہ حکومت کے فیصلوں کے نتائج آج بھگت رہے ہیں ،آئی ایم ایف سے مذاکرات میں ملکی ترجیحات دیکھی جائیں گی،عمران خان کے صدر آصف علی زرداری سے متعلق الزامات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،عمران خان ہمیشہ غیر ذمہ دارانہ بیان دیتے ہیں۔جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بینظیر کفالت میں خواجہ سراؤں کو شامل کرنے کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کے الزامات تشویش ناک ہیں، ان کی حکومت میں دہشتگردوں کیلئے جیلیں توڑی گئیں، ان کے صدر آصف علی زرداری کےخلاف الزامات پر عدالت جائیں گے۔شازیہ مری نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور ان کے اہلخانہ کو خطرات ہیں، عمران خان دہشتگردوں کے سہولت کار رہے ہیں، پیپلزپارٹی کا ماضی میں بھی سیاسی استحصال کیا گیا۔ وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا کہ گزشتہ حکومت میں انتہائی غلط فیصلے کیے گئے،جس کے نتائ آج بھگت رہے ہیں۔انہوں نے “بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے ٹرانس جینڈر کمیونٹی کو با اختیار بنانے” کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج خواجہ سراؤں کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بینظیر کفالت پروگرام کا باقاعدہ اعلان کیا گیا ہے اب خواجہ سراؤں کی بھی بینظیر کفالت پروگرام سے معاشی معاونت کی جائے گی ۔ شازیہ مری کا کہنا تھا کہ نادرا کے کارڈز بنواکر خواجہ سرا بی آئی ایس پی میں رجسٹرڈ ہو سکتے ہیں،بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ خواجہ سراوں کو 7ہزارروپے سہہ ماہی ملیں گے، خواجہ سرا کمیونٹی کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم آپ کے ساتھ تھے ہیں اور رہیں گے کیونکہ آپ بھی پاکستانی ہیں،انسان ہیں، پاکستان اکٹھا ترقی کرے گا، پاکستان کو ترقی کی منازل تک پہنچانا ہے تو مل کر کام کرنا ہے،خواجہ سرا بھی پاکستان کی ترقی میں شامل رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جو تکالیف خواجہ سراؤں کو ملتی ہیں سب آگاہ ہیں، ہماری کوشش ہے ان کی تکالیف کم کریں، معاشرے میں ایسی کمیونٹیز جو پریشانیوں کا مقابلہ کر رہی ہیں ان کی بھر پور مدد کریں گے۔ تقریب سے بیریسٹر مرتضی وہاب، خواجہ سرا کمیونٹی کے رہنمائوں ڈاکٹر میرب، بندیا رانہ و دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے خواجہ سرا کمیونٹی کی بینظیر کفالت میں شامل کرنے کے اعلان کو سراہا اور وفاقی وزیر شازیہ عطا مری کا شکریہ ادا کیا۔