کراچی( نیوز ڈیسک )وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ جو جماعت کراچی میں قومی اسمبلی کی 14 نشستیں ہونے کا دعوٰی کرتی تھی بلدیاتی انتخابات میں اس کا وائٹ واش ہوگیا،کراچی نے بلدیاتی انتخابات میں اس جماعت کا کچومر نکال دیا جس نے پچھلے چار سال میں ملکی معیشت کا کچومر نکالا تھا،اگلے انتخابات جو پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ہوں گے وہ بھی کراچی کی طرح جھوٹ کی سیاست کو مسترد کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں ڈاؤ یونیورسٹی کے دورے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ جو جماعت کراچی میں قومی اسمبلی کی 14 نشستیں ہونے کا دعوٰی کرتی تھی بلدیاتی انتخابات میں اس کا وائٹ واش ہوگیا،کراچی پاکستان کا سب سے تعلیم یافتہ شہرہےاور کراچی کو پاکستان کا دماغ کہا جاتا ہے ،کراچی نے بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کو مسترد کردیا،کراچی نے بلدیاتی انتخابات میں اس جماعت کا کچومر نکال دیا جس نے پچھلے چار سال میں ملکی معیشت کا کچومر نکالا تھا یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام حقائق جانتے ہے اور عوام یہ دیکھ رہے ہیں کہ اس وقت کون ملک کو بچارہے ہیں اور کون ملک کو عدم استحکام کی طرف لے جارہے ہیں، اگلے انتخابات جو پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ہوں گے وہ بھی کراچی کی طرح جھوٹ کی سیاست کو مسترد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات نے ثابت کردیا ہےکہ اتحادی جماعتوں نے جو ریاست بچانے کی بات کی تھی وہ سیاست بچانے کی بھی بات تھی کیونکہ جو سیاست بچانا چاہتے ہیں ان کو ریاست بچانے کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ملک کےمفاد میں جو فیصلے ہوں گے وہ فیصلے ہم کریں گے ،پاکستان نہ ڈیفالٹ کرے گا اور نہ ہی ہم ڈیفالٹ ہونے دیں گے ،دشمن بھی یہ پروپیگنڈہ نہیں کررہے لیکن ہمارے ملک کی ایک سیاسی جماعت اور لابی ہے جو مسلسل پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کررہی ہے اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو بھگانا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے ،ریاست اور ملک سیاسیت سے بڑے ہوتے ہیں اور ہم سب کو اپنی سیاست ملک کو مضبوط کرنے کے لئے کرنی چاہئے بجائے یہ کہ ہم اپنی انا اور خود غرضی کی سزاء ملک کو دیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے پارٹی کو متحرک کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور اقتدار کے دوران بھی مریم نواز میدان عمل میں تھیں اور انہوں نے جرات اور بہادری کے ساتھ مقابلہ کیا ،جیل اور قید کی صعوبتوں کو برداشت کیا، وہ پارٹی کا اثاثہ ہیں،وہ مقبول ہیں اور پارٹی کو اس سے فائدہ اٹھانا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف ہمارے قائد ہیں اور آج ہر باشعور شخص کو یہ سمجھ آگئی ہے کہ 2017 میں نوازشریف کے خلاف جو سازش کی گئی تھی وہ سازش درحقیقت ملک کے مستقبل کے خلاف کی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو ایک جھوٹے کیس میں نااہل کیا گیا ،کیس پاناما کا بنایا اور سزاء بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر دی گئی۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے ساتھ ناانصافی کی گئی ہے اور ہمیں یقین ہے کہ اس ناانصافی کا بھی ازالہ ہوگا،نواز شریف واپس آئیں گے اور اگلے انتخابات میں پارٹی کی قیادت بھی کریں گے۔















