ٹیکس کیسز میں تاخیر، چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو سمیت متعدد افسران معطل،انکوائری کا حکم

اسلام آباد(نیوزڈیسک)ٹیکس کیسز میں دانستہ تاخیر کے پیش نظر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا سخت ایکشن، چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو اسلام آباد ودیگر متعلقہ افسران معطل ، وزیراعظم نے انکوائری کا حکم دے دیا۔وزیرِ اعظم شہبازشریف نے ایف بی آر اصلاحات کے جلد اور فوری نفاذ کی ہدایات جاری کرتے ہوئے ذاتی طور پر اس عمل کی نگرانی کا فیصلہ کیا تھا۔

ٹیکس ٹربیونلز میں حکومت کے سینکڑوں ارب روپے کے کیسسز زیر سماعت ہیں۔ وزیرِ اعظم نے چیف جسٹس آف پاکستان سے ان کیسسز کے جلد نمٹائے جانے کی درخواست کی تھی۔حال ہی میں اسلام آباد میں ایف بی آر کے وکیل کی جانب سے عدالت میں ایسے ہی ایک کیس کی تاریخ میں تاخیر کی استدعا پر وزیرِ اعظم نے نوٹس لے لیا ۔

گولڈ مارکیٹ کی تاریخ میں بڑی گراوٹ، سونے کی قیمت میں 7800 روپے کی ریکارڈ کمی

وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو فوری طور پر واقعے کی انکوائری کی ہدایت بھی کردی ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے معاملہ کا نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کرلی، وزیرِ اعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ قومی خزانے کا سینکڑوں ارب روپے قانونی تنازعات کا شکار ہیں، اس حوالے سے کسی بھی قسم کی لاپرواہی اور کوتاہی قبول نہیں کروں گا۔

ٹیکس نظام میں اصلاحات کی خود نگرانی کر رہا ہوں، ملک و قوم کی ایک ایک پائی بچانے اور محصولات میں اضافے کیلئے دن رات محنت کرنا ہوگی۔