کراچی(نیوزڈیسک) ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن میں جیتنے والے سڑک پر کھڑی ایم کیو ایم کا بھی مقابلہ نہیں کرسکتے ہیں، کراچی اور حیدرآباد کے الیکشن پر سوالیہ نشان ہے۔نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کے کچھ علاقوں میں حلقہ بندیاں درست نہیں، کراچی میں کل 74 یوسیز کم کی گئیں اور جن علاقوں میں ایم کیو ایم مقبول ہے وہاں حلقہ بندیاں درست نہیں ہیں۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ حلقہ بندیوں کو لے کر 5،6 مہینے ضائع کیے گئے، حکومت سے نکلنے کا نہیں سوچ رہے مگر ہمارے پاس یہی آپشن ہے، اگر ہمیں لگا کہ اس ایوان سے ہمیں کچھ نہیں ملے گا تو پھر ایسی حکومت میں رہنے کا فائدہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے ہمیں اعتماد دیا تو ہم انہیں اعتماد کا ووٹ دیں گے، شہباز شریف کے بہت سے مسئلے حل نہیں ہو رہے ہیں، پیپلز پارٹی سے معاہدے کی گارنٹر پی ڈی ایم کی پوری قیادت تھی۔کنوینر ایم کیو ایم پاکستان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہماری آبادی 25 سے16 فیصد کم کر دی گئی، 2013 میں نوازشریف کو ایم کیو ایم کی ضرورت نہیں تھی تو ہم نہیں گئے، کل سے سڑکوں پر نکلیں گے۔















