اہم خبریں

پختونخوا اسمبلی کی کل تحلیل ، گورنر کا سمری پر دستخط نہ کرنے کا فیصلہ

پشاور(نیوزڈیسک)گورنر خیبر پختونخوا نے پی ٹی آئی کی جانب سے اعلان کے بعد صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب کے گورنر کی طرح خیبر پختونخوا کے گورنر حاجی غلام علی نے بھی صوبائی اسمبلی کی تحلیل کے عمل کا حصہ نہ بننے کافیصلہ کیا ہے۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوامحمودخان کی جانب سےآج صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کے لیے ایڈوائس پرمشتمل سمری گورنر کو ارسال کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق گورنر پختونخوا سمری پر دستخط کیے بغیر48 گھنٹے انتظار کریں گے تاکہ آئین میں درج وقت مکمل ہونے پر صوبائی اسمبلی ازخود تحلیل ہوجائے۔اس سلسلے میں گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کے قریبی ذرائع نے رابطہ کرنے پر اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسمبلی تحلیل سے متعلق سمری پردستخط نہ کرکے گورنر اس عمل کا حصہ نہیں بنیں گے اوراسمبلی کے ازخود تحلیل ہونے کاانتظارکیاجائے گا۔ ذرائع نے بتایاکہ گورنر پختونخوا، صوبے میں نگرانوزیراعلی کے تقرر کے سلسلے میں اپنا کردار ضرور ادا کریں گے اورجونہی صوبائی اسمبلی تحلیل ہوگی تو وہ وزیر اعلی محمودخان اور اپوزیشن لیڈراکرم خان درانی کو لیٹر ارسال کریں گے، جس میں ان سے کہاجائے گاکہ وہ آئین کے مطابق آپس میں مشاورت کے ذریعے نگراں وزیر اعلی کاتقررکریں۔

متعلقہ خبریں