اہم خبریں

وفاقی حکومت ملک میں صنعتوں کے فروغ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، وزیر مملکت برائے صنعت و پیداوار

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیر مملکت برائے صنعت وپیداوار تسنیم احمد قریشی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ملک میں صنعتوں کے فروغ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے کیونکہ صنعت ترقی کرے گی تو ملک ترقی کرے گا۔ملک میں صنعتی ترقی کے لئے پاکستان انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کارپوریشن گراں قدر خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں لاہورسرگوھا روڈ پر پاکستان انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کارپوریشن (PIDC) کے منصوبے فرنیچر ڈویژن کی بحالی اور سرگودھا انڈسٹریل پارک کے تعمیراتی کام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تسنیم احمد قریشی نے کہا کہ سرگودھا انڈسٹریل پارک علاقے کی صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا اور اس سے ضلع سرگودھا کے لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اس پارک میں بجلی اور گیس کی بلاتعطل فراہمی اور صنعتی علاقے کے لیے درکار تمام سہولیات کے ساتھ جدید تربیتی مرکز بھی دستیاب ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سرگودھا انڈسٹریل پارک کے منصوبے کا آغاز2013 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے دورے حکومت میں کیا گیا تھا لیکن بعض وجوہات کی بنا ءپر اسکا تعمیراتی کام رک گیا تھااب پی ڈی ایم کی حکومت نے اس منصوبے پر دوبارہ سے کام شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کارپوریشن پاکستان میں صنعتی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے معرض وجود میں لائی گئی گئی تھی اور اس نے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کی صنعتی ترقی میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔وزیر مملکت برائے صنعت و پیداوار نے کہا کہ یہ انڈسٹریل پارک 100 ایکڑ رقبے پر محیط ہے مذکورہ منصوبے کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کر دی گئی ہیں اور تعمیراتی کام کے لئے تمام فنڈز بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی صنعت کی ترقی پر یقین رکھتی ہے۔تسنیم احمد قریشی نے سرگودھا انڈسٹریل پارک کی تعمیرکے لئے سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی اور سابق وفاقی وزیر چوہدری انور علی چیمہ (مرحوم) کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی ڈی سی رضوان احمد بھٹی نے کہا کہ پی آئی ڈی سی کا بنیادی مقصد ان صنعتی شعبوں کو مدد فراہم کرنا ہے جو ترقی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبے کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پی آئی ڈی سی ملک میں جدید ترین صنعتی پارکس بنانے کے لیے کام کررہاجبکہ 6انڈسٹریل پارکس پر کام جاری ہے جن میں سے 5 تکمیل کے قریب ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان انڈسٹریل پارکوں کو خصوصی اقتصادی زون کا درجہ بھی حاصل ہے۔ سرگودھا میں پی آئی ڈی سی کے تحت دو منصوبے زیر تکمیل ہیں۔جن میں ایک سرگودھا انڈسٹریل پارک اور دوسرا فرنیچر کی بحالی کا منصوبہ شامل ہے انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ فرنیچر کی صنعت کی ترقی کے لیے بنایا گیا ہے اور اس میں جدید ترین مشینری اور تربیت کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔سابق ایم این اے چوہدری عامر سلطان چیمہ سمیت،تاجروں اور صنعت کاروں کی کثیر تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔

متعلقہ خبریں