راولپنڈی(نیوزڈیسک) پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (پی ایم اے) نے راولپنڈی اوراسلام آباد کے درمیان چلنے والی ایکسپریس میٹرو بس سروس مستقل طور پر بند کردی ۔
تفصیلات کے مطابق پی ایم اے کے جنرل منیجر آپریشنز عزیر شاہ نے بتایاکہ صدر راولپنڈی تا سیکرٹریٹ اسلام آبادسرکاری ملازمین کو جلد پہنچانے کیلئے معمول کی میٹرو بس سروس کے ساتھ ایکسپریس بس سروس چلائی گئی تھی جس کیلئے کل68بسوں میں سے دس بسیں مختص کی گئی تھیں۔
انہوں نے بتایاکہ ایکسپریس سروس صدر تا سیکرٹریٹ 24اسٹیشنز کی بجائے صرف چھ اسٹیشن پر رکتی تھی۔آغاز میں اس سروس نے اچھے نتائج دئیے تاہم بعد میں عام لوگوں نےبھی معمول کی سروس کے استعمال کی بجائے ایکسپریس سروس پر زیادہ انحصار شروع کردیا۔
ایکسپریس سروس کیلئے بسیں الگ کرنے سے معمول کی بس سروس بھی متاثر ہورہی تھی جس کے باعث یہ فیصلہ کرنے پر مجبور ہوئے کہ اس سروس کو مستقل طو ر پر بند کردیا جائے.
دوسری طرف شہریوں نے ایکسپریس میٹرو بس سروس کی بندش پر احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ بس سروس بحال کی جائے۔
دریں اثناء سکستھ روڈ میٹرو اسٹیشن کے افتتاح کیلئے پھر نئی تاریخ مقرر کردی گئی ہے۔ اب تین فروری کو افتتاح کا امکان ہوگا۔















