وزیر اعظم بن کر لوگ اپنی عوام کو بھی بھول جاتے ہیں،جہانگیر ترین

لودھراں(نیوزڈیسک)چیئرمین استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی جب وزیر اعظم کی کرسی پر بیٹھے تو لوگوں نے ان کی تعریفوں کے پل باندھنا شروع کر دئیے، وزیر اعظم کی کرسی خطرناک چیز ہے، بادشاہ سمجھتا ہے میں ہی سب کچھ ہوں۔پرانی باتیں چھوڑ کر میں نئی باتیں کروں گا، جو ہوگیا گزر گیا۔ ملک ایسے نہیں چلتے جیسے گزشتہ ادوار میں چلائے گئے۔لودھراں میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ عوام نے کامیاب کیا تو پورے پاکستان میں ترقی یافتہ لودھراں کا نام ہوگا۔ جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ لوگ عوام کو بھی بھول جاتے ہیں جو انہیں وزیر اعظم بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری عمر کے ساتھ ساتھ کام کرنے کا جذبہ بھی بڑھ گیا ہے۔