اہم خبریں

یوکرائن کا روسی فوجی ہوائی اڈوں پرمتعددحملے ، 4 کارگو طیارے تباہ

ماسکو(نیوزڈیسک)یوکرین نے درجن سے زائد ڈرونز کی مدد سے روس کے شمالی مغربی شہر پسکوف کے ہوائی اڈے اور پانچ وسطی حصے میں حملے کردیئے ،روسی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ یوکرائن کے تمام حملے پسپا کر دیئے ہیں۔یوکرائنی ڈرون حملے میں 4 آئی ایل ۔76 ٹرانسپورٹ طیاروں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں جن میں سے دو طیاروں کو آگ لگ گئی جس کے بعد ایئرپورٹ بند کر دیا ، روسی وزارت دفاع نے اوریول اور بریانسک ریجن میں فوجی تنصیبات پر یوکرینی ڈرون حملہ ناکام بنانے اور تین ڈرون مارے گرانے کا دعویٰ کیا ۔ گورنر میخائل ویدرنکوف نے بتایا کہ روسی افواج یوکرائنی فوج کوپسپا کردیا۔ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ دیگر نقصان کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق پسکوف ہوائی اڈے پر حملے کرنیوالے ڈرونز کی تعدا 12 سے 15 کے درمیان تھی ۔ ایمرجنسی سروس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ڈرون حملے کے نتیجے میں، چار آئی ایل ۔76 طیاروں کو نقصان پہنچا جبکہ دو طیاروں کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔حملے کے بعد پسکوف ریجن اور اس کے اس کے انتظامی مرکز کے اوپر پروازیں محدود کر دی گئی ہیں ۔ دریں اثنابریانسک ریجن کے گورنر الیگزینڈر بوگوماز نے بتایا کہ بریانسک ریجن میں تین جبکہ اوریول ریجن میں ایک حملہ آور ڈرون مار گرایا ۔ روسی وسطی علاقوں ریازان اور کالوگا میں بھی ڈرون حملوں کی تصدیق کی گئی ہے ۔دوسری جانب یوکرین کے دارالحکومت کیف کے دو اضلاع میں متعدد دھماکے سنے گئے۔ مقامی حکام کے مطابق دھماکوں کے بعد سرکاری عمارت میں آگ لگ گئی کریووئے روگ، اوڈیسا اور چرکاسی میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

متعلقہ خبریں