لاہور(نیوزڈیسک)الیکشن 2024 کی تیاریاں ، کاغذات نامزدگی وصول اور جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے ، نتخابی حلقوں میں دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی ۔کاغذات نامزدگی حاصل کرنیوالوں میں سرفہرست نواز شریف، بلاول بھٹو ، عمران خان آمنے سامنے ۔نواز شریف کے کاغذات نامزدگی بلال یاسین نے حلقہ این اے 130 سے جمع کرائے،کورنگ امیدوار بلال یاسین ہونگے۔ شہباز شریف نے این اے 123 اور پنجاب اسمبلی کی نشستوں پی پی 158 اور پی پی 164 کیلئے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے۔ این اے 132 قصورسے بھی کاغذات جمع کروادیئے گئے۔لاہور حلقہ این اے 128 کیلئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوکے کاغذات جمع کرائے گئے،خواجہ احمد حسان، جماعت اسلامی کے لیاقت بلوچ اور دیگر امیدواروں میں شامل ۔ عمران خان کی الیکشن لڑنے کی اہلیت ابھی تک ہوا میں معلق ، تاہم کاغذات نامزدگی میانوالی حلقہ این اے 89 کے لیے جمع کرا دیئے گئے۔پی ٹی آئی کی زیر حراست سوشل میڈیا کارکن صنم جاوید کے والد جاوید اقبال نے بھی اعلان کیا کہ ان کی بیٹی شہباز شریف اور مریم نواز کے خلاف الیکشن لڑیں گی، جو لاہور کے حلقہ پی پی 150 سے امیدوار ہوں گی۔جاوید اقبال نے اپنی بیٹی کی جانب سے این اے 123، پی پی 150، 158 اور 164 کے لیے کاغذات وصول کرلیے۔ سیکرٹری اطلاعات استحکام پاکستان پارٹی خرم حمید روکھڑی نے این اے 89 کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ، جہاں ان کا مقابلہ عمران خان سے ہوگا۔ جبکہ پی پی پی کے نواب امیر محمد خان اور مسلم لیگ (ن) کے عبید اللہ شادی خیل بھی یہاں سے میدان میں ہیں۔ عبدالعلیم خان این اے 147 خانیوال سے الیکشن لڑنے کے خواہاں ،لاہور سے بھی قومی اسمبلی کے حلقے سے انتخاب لڑنے کا امکان ۔ راجہ پرویز اشرف نے این اے 52 اور ان کے صاحبزادے خرم پرویز نے پی پی 8 گوجر خان سے کاغذات نامزدگی جمع کروادیئے۔سابق وزیراعلیٰ اور پی ٹی آئی کے صدر پرویز الٰہی این اے 69 منڈی بہاؤالدین اور سابق وزیر دفاع خواجہ آصف این اے 71 سیالکوٹ سے امیدوار ہوں گے۔دونوں نے پنجاب اسمبلی کی دو نشستوں پی پی 46 اور 47 کیلئے بھی اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔جھنگ میں سابق وزیر داخلہ فیصل صالح حیات، سابق وفاقی وزیر صاحبزادہ محبوب سلطان اور غلام بی بی بھروانہ نے این اے 108 سے کاغذات جمع کرائے ہیں۔این اے 109 میں غلام بی بی بھروانہ، امیر سلطان اور مولانا محمد احمد لدھیانوی امیدوار ہوں گے اور صاحبزادہ امیر سلطان سمیت 7 دیگر امیدوار این اے 110 سے انتخاب لڑیں گے۔پی پی پی کے ندیم افضل چن نے سرگودھا سے قومی اسمبلی کی دو نشستوں این اے 82 اور 86 کے لیے کاغذات وصول کر لیے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے عطاء اللہ تارڑ این اے 77، گوجرانوالہ سے الیکشن لڑنے کے لیے پر امید ہیں۔دریں اثنا، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کسی بھی پلیٹ فارم سے الیکشن نہیں لڑیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حلقوں کے دباؤ کے باعث ان کے بیٹے نادر اب مری کے حلقہ این اے 51 سے آزاد امیدوار کے طور پر کاغذات جمع کرائیں گے۔















