پشاور(نیوزڈیسک)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے دکھ ہوا، ہمارے پاس پلان بی موجود ہے۔الیکشن کمیشن کا پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن سے متعلق فیصلے سے دلی دکھ ہوا۔ پشاور ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے ۔ بیرسٹر گوہر نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ انتہائی کمزور سطح کا ہے ۔ یہ ارجنٹ میٹر ہے، جس کیلئے عدالت جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن فیصلے کے بعد ہمارے پاس پلان بی بھی موجود ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے اپنے امیدواروں کو عام انتخابات میں حصہ لینے کیلئے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرنے کی ہدایات کردی ہیں ہیں۔یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے محفوظ کیا گیا فیصلہ گزشتہ روز سنادیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے اپنے انتخابات پارٹی آئین کے مطابق نہیں کروائے، پی ٹی آئی سے بلے کا نشان واپس لے لیا گیا ہے۔ فیصلے میں بتایا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کیخلاف دائر درخواستوں پر سماعت کی اور پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن کو کالعدم قرار دیا۔















