اسلام آباد(نیوزڈیسک)ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ پاکستان کو کالعدم ٹی ٹی پی کو دہشتگردی کیلئے جدید ہتھیاروں کے استعمال پر گہری تشویش ہے، بھارتی خفیہ ایجنسی را کی معاونت سے پاکستان میں دہشتگرد گروپس متحرک ہوچکے ہیں۔بریفنگ میں ان کا کہنا تھا کہ نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے عالمی تنظیموں کے سربراہان کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر خطوط لکھے، خطوط میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر میں جاری بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات سے آگاہ کیا۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا نوٹس لے، پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کالعدم ٹی ٹی پی کی طرف سے جدید ہتھیاروں کے استعمال اور بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی کی پاکستان میں دہشتگردی کی مالی معاونت پر شدید تشویش ہے، بھارتی ایجنسی کی معاونت سے متعدد دہشتگرد گروپس پاکستان میں متحرک ہیں، آنے والے دنوں میں اس کی مذید تفصیلات دیں گے۔ان کا کہنا تھا بھارت کا اغوا اور دہشتگردی کا نیٹ ورک پوری دنیا میں پھیلا ہوا ہے، پاکستان بھارتی معاونت سے دہشتگردی کا نشانہ رہا ہے، بھارت کے حاضر سروس کمانڈر کلبھوشن جادھو کا پاکستان میں گرفتار ہونا اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا افغانستان کی طرف سے ٹی ٹی پی کے خلاف کسی ایکشن اور اس کے مؤثر ہونے کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے تاہم طالبان حکومت سے ٹی ٹی پی کے خلاف مؤثر اقدامات کی توقع کرتے ہیں، امید کرتے ہیں افغانستان کی سرزمین پاکستان مخالف استعمال نہ ہو۔















