مظفرآباد( نیوزڈیسک)پاکستان کے نگراں وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل(ر)انور علی حیدر نے آزادجموں وکشمیر کا دورہ کیا۔ وزیر دفاع نے لائن آف کنٹرول کے باغ اور پانڈو سیکٹرز کا دورہ کیا جہاں انہیں موجودہ صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر دفاع نے دارلحکومت مظفرآبادمیں یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اورشہدا کے بلندی درجات کیلئے دعا کی۔ افواج پاکستان کے چاق و چوبند دستے نے یادگار شہدا پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ وزیر دفاع نے اس موقع پر ایل او سی پر بھارتی جارحیت سے شہید ہونے والوں کے ورثاء اورمتاثرین سے ملاقات کی۔ وزیر دفاع نے کشمیریوں کے ساتھ یکجحتی کا اظہار کرتے ہوئے اُن کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے بھارتی جارحیت کے متاثرین کو خراج تحسین پیش کیا اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بنیاد پر حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر دفاع نے بھارت کی جانب سے کشمیر میں جبری گمشدگیوں، تشدد، جنسی حملوں، میڈیا بلیک آؤٹ اور مذہبی اجتماعات پر پابندیوں سمیت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تنقید کی ۔ انہوں نےکہا کہ آرٹیکل 370 ، 35 اے کی منسوخی اورغیر قانونی مقبوضہ کشمیر میں میڈیا بلیک آؤٹ سےاُدھر کی صورتحال مزید خراب ہوچکی ہے۔ پاکستان کی حکومت، عوام اور مسلح افواج کشمیری بھائیوں کی تحریک آزادی میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑےہیں۔ انشاءاللہ بہت جلد غیر قانونی مقبوضہ کشمیر کی عوام بھارت کے ظالمانہ قبضے سے آزاد ہوگی۔















