اہم خبریں

رسالپور میں فائرنگ کے دو واقعات، دو افراد جاں بحق، مقدمات درج

رسالپور میں فائرنگ کے دو واقعات، دو افراد جاں بحق، مقدمات درج

نوشہرہ (اے بی این نیوز) تھانہ رسالپور کی حدود میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس نے دونوں واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

پہلے واقعے میں بارہ بانڈہ اسٹاف کے قریب کباڑ کی دکان سے گھر جانے والے ابراہیم کو نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا۔ زخمی کو فوری طور پر مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

پولیس رپورٹ کے مطابق ابراہیم اپنے بھائی عزت خان کے ہمراہ دکان بند کرکے گھر روانہ ہوا تھا۔ راستے میں عزت خان سبزی خریدنے کے لیے رک گیا، جبکہ ابراہیم اکیلا گھر کی جانب روانہ ہوگیا۔ بعدازاں عزت خان نے اسے شدید زخمی حالت میں پایا۔

دوسرے واقعے میں زنڈو بانڈہ کلپانی پل کے قریب حسن آباد میں پی اے ایف رسالپور کے ملازم شاہد خان کو مبینہ طور پر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق شاہد خان ڈیوٹی پر جاتے ہوئے اپنے کمسن بیٹے موسیٰ خان کو اسکول لے جارہا تھا۔

مقتول کے بھائی عبیدالرحمن کے مطابق موٹر سائیکل سوار دو مسلح افراد نے شاہد خان کو دیکھتے ہی فائرنگ کردی، جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔ شاہد خان کو ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ فائرنگ کے دوران مدعی اور مقتول کا کمسن بیٹا بھی محفوظ رہے۔

پولیس کے مطابق دوسرے واقعے کی وجہ پرانی رنجش بتائی گئی ہے۔ دونوں مقدمات میں نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپوں سمیت دیگر قانونی کارروائی جاری ہے، جبکہ پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی ہے۔
مزید پڑھیں‌:آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی بولرز رینکنگ، ابرار احمد نے بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا

متعلقہ خبریں