نیو یارک( اے بی این نیوز)ایک امریکی اخبار نے امریکی انٹیلی جنس رپورٹ کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سمجھتے ہیں کہ ایران جنگ کے باعث امریکا کمزور ہوا ہے اور یہ صورتحال روس کے لیے اپنے مفادات کے حصول کا ایک اہم موقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق روسی صدر کا خیال ہے کہ امریکا کی موجودہ کمزوری سے فائدہ اٹھاتے ہوئے یورپ میں امریکی مفادات اور اتحادیوں کے خلاف روس اپنی سرگرمیوں میں اضافہ کر سکتا ہے۔
امریکی اخبار کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے سربراہ جان ریٹکلف نے روس کے دورے کے دوران ماسکو کو یوکرین کے خلاف جنگ میں مزید کشیدگی پیدا کرنے سے گریز کرنے کی تنبیہ کی۔
رپورٹ کے مطابق جان ریٹکلف نے روسی حکام پر واضح کیا کہ یوکرین کے خلاف کسی بھی نئی کارروائی یا جنگ میں اضافے کے نتائج خود روس کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق امریکی انٹیلی جنس حکام روسی قیادت کے اس تاثر پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں کہ ایران کے ساتھ جنگ نے امریکا کی عسکری اور سفارتی صلاحیتوں کو متاثر کیا ہے۔
امریکی حکام کو خدشہ ہے کہ اگر ماسکو نے امریکا کی مصروفیات اور کمزوری کو اپنے لیے موقع سمجھا تو یورپ اور یوکرین کے حوالے سے کشیدگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
یہ رپورٹ ایسے وقت سامنے آئی ہے جب روس اور مغربی ممالک کے درمیان یوکرین جنگ کے معاملے پر پہلے ہی شدید اختلافات موجود ہیں، جبکہ امریکا کی مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی فوجی اور سفارتی مصروفیات عالمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہیں۔
مزید پڑھیں:پمز سانحہ، بچے کی جان بچانے والی نرس کے لیے وزیراعظم کا بڑا اعلان















