لاہور (اے بی این نیوز) پنجاب حکومت نے تعلیمی اداروں کی مانیٹرنگ کے لیے فوجی اہلکاروں کو مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن افسرز (ایم ای اوز) تعینات کرنے کی منظوری دے دی، جس کے بعد بھرتیوں کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے 22 اضلاع میں ایم ای اوز کو ایک سالہ کنٹریکٹ پر بھرتی کیا جائے گا۔ منتخب امیدواروں کو ماہانہ 60 ہزار روپے تنخواہ کے علاوہ محکمہ تعلیم کے قواعد کے مطابق دیگر سہولیات اور مراعات بھی دی جائیں گی۔
مانیٹرنگ افسران کو سرکاری موٹر سائیکل بھی فراہم کی جائے گی، جبکہ کنٹریکٹ میں توسیع کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔
یہ بھرتیاں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تحت کی جائیں گی، جبکہ جی سی اوز اور این سی اوز سے 7 ستمبر تک درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
امیدواروں کے لیے عمر 30 سے 55 سال، کم از کم تعلیمی قابلیت گریجویشن اور پنجاب کا ڈومیسائل لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ آئی ٹی کا تجربہ اور جسمانی طور پر صحت مند ہونا بھی ضروری ہوگا۔
پہلے مرحلے میں 28 ایم ای اوز بھرتی کیے جائیں گے، جن میں 21 فوجی اہلکار اور 7 سویلین شامل ہوں گے۔ دیگر اضلاع کے لیے دوسرے مرحلے میں الگ بھرتیاں کی جائیں گی۔
اسکول ٹیچنگ انٹرنز کے کنٹریکٹ میں توسیع کی تجویز
دوسری جانب محکمہ تعلیم پنجاب نے صوبے کے سرکاری اسکولوں میں ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے تقریباً ڈیڑھ لاکھ اسکول ٹیچنگ انٹرنز (ایس ٹی آئیز) کے کنٹریکٹ میں 9 ماہ کی توسیع کی سمری وزیراعلیٰ پنجاب کو منظوری کے لیے ارسال کردی ہے۔
سمری منظور ہونے کی صورت میں ایس ٹی آئیز کے کنٹریکٹ موجودہ تعلیمی سیشن کے اختتام یعنی مارچ 2027 تک بڑھا دیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق سمری کی منظوری کے بعد ایس ٹی آئیز کے کنٹریکٹ میں توسیع کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:معروف مزاحیہ شاعر ڈاکٹر فخر عباس انتقال کر گئے، ادبی دنیا سوگوار















