لاہور (اے بی این نیوز) پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آگئی۔ الیکشن کمیشن نے 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے دوران انتخابات کرانے کی تجویز سے اتفاق کیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت بلدیاتی انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں پنجاب حکومت کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کے دوران وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جو بھی تاریخ دی جائے گی، صوبائی حکومت انتخابات کرانے کے لیے تیار ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آئین کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ایک آئینی تقاضا ہے، جبکہ الیکشن ایکٹ کے مطابق بلدیاتی اداروں کی معیاد ختم ہونے کے 120 دن کے اندر انتخابات کرانا لازم ہے۔
وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے بتایا کہ پنجاب میں حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہوچکا ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب بھی بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
پنجاب کابینہ کمیٹی نے اجلاس کو بتایا کہ انتخابات کے لیے وسائل کی فراہمی اور سیکیورٹی انتظامات مکمل کرنے کے لیے وقت درکار ہے۔ کمیٹی کے مطابق بچوں کے امتحانات بھی مکمل ہوجائیں گے اور دھند کا مسئلہ بھی نہیں ہوگا۔
چیف سیکریٹری پنجاب نے بتایا کہ صوبائی حکومت مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کرانا چاہتی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے پنجاب کابینہ کمیٹی کی تجاویز کو مناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے آئینی ذمہ داری پوری کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔
یوں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے دوران کی مدت زیرِ غور ہے، تاہم حتمی انتخابی شیڈول اور تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کی جانب سے کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:مودی حکومت کے دن گنے جا چکے، بھارتی سینئر صحافی کا بڑا دعویٰ















