مظفرآباد (اے بی این نیوز) وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں انتخابات کے تینوں مراحل مکمل ہوچکے ہیں اور پاکستان مسلم لیگ (ن) نے واضح برتری حاصل کرلی ہے۔
ایک بیان میں طارق فضل چوہدری نے کہا کہ تیسرے مرحلے کے اختتام پر مسلم لیگ (ن) 24 نشستیں حاصل کرچکی ہے، جبکہ فارمولے کے تحت مزید 3 خواتین اور 3 دیگر مخصوص نشستیں بھی مسلم لیگ (ن) کو ملیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ مخصوص نشستوں میں اوورسیز، ٹیکنوکریٹ اور علماء و مشائخ کی نشستیں شامل ہیں، جن کے بعد مسلم لیگ (ن) کی مجموعی نشستوں کی تعداد 30 ہوجائے گی۔
وفاقی وزیر کے مطابق اگلے ہفتے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے گا، جس میں نومنتخب اراکین حلف اٹھائیں گے جبکہ مخصوص نشستوں پر بھی انتخاب ہوگا۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اگلے ہفتے ہی اسپیکر اور وزیراعظم آزاد کشمیر کا انتخاب بھی مکمل کرلیا جائے گا۔ ان کے مطابق آزاد کشمیر میں ایک مستحکم اور مضبوط حکومت قائم ہونے جارہی ہے اور موجودہ حالات کے پیش نظر مضبوط حکومت کا قیام ضروری ہے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں مجموعی طور پر انتخابات صاف، شفاف اور قابلِ اعتماد رہے۔ آزاد کشمیر انتخابات میں کسی بھی بدنظمی یا دھاندلی کی کارروائی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ شفاف انتخابات سے الیکشن کمیشن، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ساکھ میں اضافہ ہوا ہے۔
مزید پڑھیں:ناروے کے وزیر خارجہ پاکستان پہنچیں گے،سرکاری دورے کا شیڈول سامنے آگیا















