اہم خبریں

شہبازگل پر انڈے پھینکنے کا کیس،5 سال بعد لیگی کارکنوں پر فرد جرم عائد

لاہور(اے بی این نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل پر پیشی کے دوران سیاہی اور انڈے پھینکنے کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آگئی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ سعد الرحمان نے واقعے کے تقریباً پانچ سال بعد مقدمے میں نامزد مسلم لیگ (ن) کے کارکنان غلام عباس اور طارق جٹ پر فرد جرم عائد کر دی۔

لاہور میں جوڈیشل مجسٹریٹ سعد الرحمان نے شہباز گل پر انڈے اور سیاہی پھینکنے کے مقدمے کی سماعت کی، عدالتی حکم پر تمام ملزمان نے پیش ہوکر اپنی اپنی حاضری مکمل کروائی، اس دوران ملزمان کو چارج شیٹ پڑھ کر سنائی گئی، جس پر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا جس کے بعد عدالت نے لیگی کارکنوں غلام عباس اور طارق جٹ پر فرد جرم عائد کردی۔

عدالت نے ملزمان کے انکار کے بعد استغاثہ کے گواہان کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید کارروائی ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ یہ مقدمہ اس وقت درج کیا گیا تھا جب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل لاہور ہائیکورٹ میں ایک مقدمے کی سماعت کے سلسلے میں پیش ہوئے تھے، اس دوران عدالت کے احاطے میں موجود بعض افراد نے ان پر سیاہی اور انڈے پھینکے تھے، جس کے بعد موقع پر بدنظمی پیدا ہوگئی تھی۔

واقعے کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں، جبکہ پولیس نے سرکاری مدعیت میں مقدمہ درج کرکے متعدد افراد کو نامزد کیا تھا۔
مزید پڑھیں: ہنڈا پرائیڈر 100کی نئی قیمت بھی سامنے آگئی

متعلقہ خبریں