اسلام آباد، مظفرآباد (رضوان عباسی ) آزاد کشمیر پولیس نے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے متعلق سوشل میڈیا سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے خصوصی مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بیرونِ ملک مقیم کشمیریوں سمیت سوشل میڈیا صارفین کی آن لائن سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پولیس ریجن پونچھ راولاکوٹ میں قائم کیے گئے سوشل میڈیا مانیٹرنگ سیل کا مقصد ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف مبینہ نفرت انگیز، اشتعال انگیز اور قابلِ اعتراض مواد کی نگرانی کرنا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی حمایت میں شیئر کیے جانے والے مواد کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
محکمہ پولیس نے اس مقصد کے لیے 8 رکنی خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ انسپکٹر رفاقت الیاس کو مانیٹرنگ سیل کا انچارج جبکہ سب انسپکٹر محمد ادریس کو نائب انچارج مقرر کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ قابلِ اعتراض مواد اپ لوڈ کرنے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات مرتب کر کے متعلقہ حکام کو ارسال کی جائیں گی۔ انٹرنیٹ سروسز کی مکمل بحالی کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی نگرانی مزید مؤثر بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق ریاست مخالف مبینہ مواد اور ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز پوسٹس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی.
مزید پڑھیں:حکومت کیلئے بڑا چیلنج، پیٹرول معاملے پر ملک گیر مظاہروں کا اعلان















