اہم خبریں

بڑی خبر، وفاقی کابینہ میں بڑا ردوبدل، کئی وزرا کی تبدیلی کا امکان

بڑی خبر، وفاقی کابینہ میں بڑا ردوبدل، کئی وزرا کی تبدیلی کا امکان

اسلام آباد (اے بی این نیوز) وفاقی حکومت میں بڑے پیمانے پر ردوبدل اور کابینہ میں اہم تبدیلیوں کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ متعدد وفاقی وزارتوں کے انضمام اور بعض وزرا کی تبدیلی پر غور جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ، خزانہ، بحری امور اور دفاع سمیت اہم وزارتوں میں تبدیلیوں کا امکان ہے۔ اطلاعات ہیں کہ اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ بنانے کی تجویز زیر غور ہے جبکہ ڈپٹی وزیراعظم کا عہدہ بھی ان کے پاس ہی رہے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ کے لیے محسن نقوی مضبوط امیدوار سمجھے جا رہے ہیں اور وہ چیئرمین پی سی بی کے فرائض بھی انجام دیتے رہیں گے۔ دوسری جانب وزارت داخلہ کے لیے رانا ثناء اللہ اور اعظم نذیر تارڑ کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے، جبکہ رانا ثناء اللہ کو مشیر سے وفاقی وزیر بنانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت کابینہ کا حجم کم کرنے پر بھی غور کر رہی ہے اور وزارتوں و ڈویژنز کی تعداد 32 تک محدود کیے جانے کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں بحری امور کی وزارت کو وزارت دفاع میں ضم کرنے، دفاعی پیداوار کی وزارت کو بھی دفاع کے ماتحت لانے اور ثقافت کی وزارت کو اطلاعات و نشریات میں ضم کرنے کی تجاویز زیر غور ہیں۔

اسی طرح اینٹی نارکوٹکس ڈویژن کو وزارت داخلہ جبکہ پوسٹل سروسز کو وزارت مواصلات میں ضم کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔ وزارت قانون و انصاف اور وزارت انسانی حقوق کو ایک وزارت بنانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کے ارکان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور کمزور کارکردگی دکھانے والے وزرا کو ہٹائے جانے کا امکان ہے، جبکہ نئے چہروں کو کابینہ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

اطلاعات کے مطابق ایک خاتون رکن کو بھی وفاقی کابینہ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے اور بشریٰ بٹ کا نام زیر غور ہے۔ علاوہ ازیں منظور کاکڑ، بیرسٹر دانیال اور بابر نواز بھی ممکنہ طور پر نئی کابینہ کا حصہ بن سکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مجوزہ نئی کابینہ آئندہ ڈھائی سال کے لیے تشکیل دی جائے گی اور اس کا مقصد آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں کو مؤثر بنانا ہے۔ اس حوالے سے نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کے درمیان مشاورت جاری ہے۔
مزید پڑھیں‌:احسن اقبال کی بہن عائشہ حمیرا چوہدری ایف پی ایس سی کی رکن مقرر، مدتِ ملازمت میں 3 سال مقرر

متعلقہ خبریں