کراچی(اے بی این نیوز)یڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے کہا ہے کہ انمول عرف پنکی ایک انتہائی چالاک ملزمہ ہے اور تفتیش مکمل ہونے سے قبل یہ نہیں بتایا جا سکتا کہ اس کے پیچھے کون لوگ ہیں یا کون اس کی پشت پناہی کر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے انمول عرف پنکی کیس پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ایک عام جرم نہیں بلکہ معاشرے اور آنے والی نسلوں کے مستقبل سے جڑا سنگین معاملہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیس اس کیس کی تحقیقات مکمل میرٹ اور بغیر کسی دباؤ کے کر رہی ہے۔
انہوں نے ملزمہ کے وکیل کی جانب سے عدالت میں کیے گئے تمام دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جسمانی ریمانڈ سے بچنے کے لیے عدالت میں مختلف باتیں کی گئیں اور جج کے ذہن میں شکوک پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم ان دعووں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ کیس کی انکوائری ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے اور تفتیش کا باقاعدہ آغاز کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے سے پہلے یہ کہنا ممکن نہیں کہ ملزمہ کے پیچھے کون بااثر شخصیات یا عناصر موجود ہیں۔
آزاد خان نے مزید کہا کہ پولیس پر کسی قسم کا سیاسی یا انتظامی دباؤ نہیں، تاہم تفتیش کے دوران اگر کوئی بااثر نام سامنے آیا تو اس کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ملزمہ کی عدالت پیشی کے دوران سیکیورٹی اور انتظامی غفلت سامنے آنے پر محکمہ جاتی کارروائی کی گئی ہے۔ اس حوالے سے متعلقہ ایس ایس پی، ایس ایچ او اور انویسٹی گیشن آفیسر کے خلاف سخت ایکشن لیا جا چکا ہے تاکہ تفتیش کی شفافیت برقرار رہے۔
مزید پڑھیں: ایران اس وقت امریکا کے بھیجے گئے پیغام کا جواب دے رہا ہے ،ایرانی خبر ایجنسی















