اہم خبریں

پاکستان کلمے کے نام پر بنا، اس کی ترقی و خوشحالی اللہ کے ذمے ہے، اسحاق ڈار

اسلام آباد(نیوزڈیسک) وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہےکہ پاکستان دنیا میں رہنے کے لیے اللہ نے قائم کیا اور یہ واحد ملک ہے جو کلمے کے نام پر بنا، سعودی عرب بھی کلمے کے نام پر نہیں بنا، اس کی ترقی اور خوشحالی اللہ کے ذمے ہے۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا جو ڈرامہ پانچ سال پہلے شروع ہوا، پاکستان آج اس کے نتائج بھگت رہا ہے، نواز شریف کے دور میں معیشت مضبوط ہو رہی تھی، ہماری اسٹاک مارکیٹ جنوبی ایشیا میں بہترین تھی اور دنیا میں پانچویں نمبر پر تھی۔ان کا کہنا تھا پانچ سال میں جو پانامہ ڈرامہ، ن لیگ کو فارغ کرو اس طرح کی چیزیں آج پاکستان بھگت رہا ہے، نواز شریف کے دور میں دنیا کے تمام ادارے ہماری طرف دیکھ رہے تھے، بدقسمتی سےآج پانچ سال بعد ہم کہاں کھڑے ہیں، پچھلے سال پاکستان کی معیشت دنیا کی 45ویں معیشت تھی، 24 ویں معیشت سے 20 ویں معیشت پر داخل ہونے کی پیشگوئی کی گئی، کیا وجہ ہے پیشگوئی کے باجود ہم 47ویں معیشت بن گئے ہیں۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا وزیر اعظم شہباز شریف کو بے پناہ چیلنجز ملے ہیں، شہباز شریف کی لیڈرشپ میں پوری ٹیم دن رات محنت کر رہی ہے، نیت اور محنت درکار ہے پاکستان ترقی کرے گا، شہباز شریف کی قیادت میں پوری کوشش کریں گے کہ پاکستان کے حالات میں بہتری لاسکیں، کوشش کریں گے کہ الیکشن سے پہلے بہتری لائیں، آپ کے پاس تاریخ موجود ہے کہ کس نےمعیشت کی بہتری کے لیے کام کیا۔اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ اللہ ہمت دے گا، پوری ٹیم دن رات کام کررہی ہے، میرا ایمان ہے پاکستان ترقی کرے گا، پاکستان دنیا میں رہنے کے لیے اللہ نے قائم کیا اور یہ واحد ملک ہے جو کلمے کے نام پر بنا، سعودی عرب بھی کلمے کے نام پر نہیں بنا، اس کی ترقی اور خوشحالی اللہ کے ذمے ہے۔

متعلقہ خبریں