ریاض (اے بی این نیوز) سعودی عرب میں نجی شعبے کے ملازمین کے لیے عید کی چھٹیوں اور اضافی اجرتوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
سعودی عرب کے لیبر قانون کے تحت عید الفطر اور عیدالاضحی کی تعطیلات اور ان کے دوران کام کرنے پر انہیں ملنے والے حقوق کی تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں۔ قانون کے مطابق ملازمین عید پر پوری تنخواہ کے ساتھ چھٹیوں کے حقدار ہوں گے۔ 9 ذی الحجہ (یوم عرفہ) سے عید الاضحیٰ پر باقاعدہ 4 دن کی چھٹی دی جائے گی۔
سعودی لیبر لا کا آرٹیکل 112 تمام ملازمین کو عیدوں اور دیگر سرکاری مواقع پر پوری تنخواہ کے ساتھ چھٹی کا قانونی حق دیتا ہے۔ کوئی بھی کمپنی قانونی طور پر ملازمین سے ان چھٹیوں میں کٹوتی نہیں کر سکتی۔
قانون میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر کوئی کمپنی کسی ملازم سے عید کی چھٹیوں میں کام کرنے کا مطالبہ کرتی ہے یا اسے بلاتی ہے تو اسے سعودی قانون کے مطابق اوور ٹائم ادا کرنا ہوگا۔ عید کے دنوں میں کام کرنے کی یہ اجرت عام دنوں کی اجرت سے ڈیڑھ گنا ہوگی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں یکم ذوالحجہ 18 مئی بروز پیر کو ہوگی جب کہ حج کا مرکزی رکن وقوف عرفہ 26 مئی 2026 بروز منگل کو ہوگا جب کہ عید الاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ کو منائی جائے گی۔
مزید پڑھیں:بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافے کا امکان، جانیے کتنا؟















