وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ایک ماہ میں دوسری ملاقات

ریاض ( نیوز ڈیسک )وزیراعظم نے اتوار کی شام ریاض میں عالمی اقتصادی فورم کے جاری خصوصی اجلاس کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے دیے گئے خصوصی ڈائیلاگ اور گالا ڈنر میں شرکت کی۔

تقریب کے دوران وزیر اعظم نے ولی عہد شہزادہ کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ڈبلیو ای ایف کے خصوصی اجلاس کے کامیاب انعقاد اور میزبانوں کے شاندار انتظامات پر سعودی قیادت کو مبارکباد دی۔اپریل میں دونوں کے درمیان یہ دوسری ملاقات تھی۔ ان کی ملاقات اس سے قبل 8 اپریل کو ہوئی تھی جب شہباز شریف رمضان المبارک میں عمرہ کرنے سعودی عرب میں تھے۔

اپنی سابقہ ملاقات کو یاد کرتے ہوئے، وزیراعظم نے وزیر خارجہ ہز ہائینس شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ کی قیادت میں اعلیٰ اختیاراتی وفد پاکستان بھیجنے پر ولی عہد شہزادہ کا شکریہ ادا کیا۔

وفد نے اپنے پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے پورٹ فولیو کو بڑھانے کے طریقوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ بات چیت کو جاری رکھنے کے لیے، وزیراعظم نے کہا کہ وہ اپنے ساتھ ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد کو ریاض لائے ہیں، جس میں سرمایہ کاری کے ذمہ دار اہم وزراء بھی شامل ہیں، تاکہ متعلقہ حکام کے درمیان فالو اپ میٹنگز ہو سکیں۔

وزیر اعظم نے حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی صحت، خوشی اور درازی عمر کے لیے اپنی دعائیں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔دوطرفہ تعلقات کے علاوہ علاقائی صورتحال بالخصوص غزہ کے بحران کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم نے اپنی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔