لاہور ہائیکورٹ نے پی پی 133 سے رانا ارشد کی فتح کا نوٹیفکیشن معطل کردیا

لاہور( نیوز ڈیسک )لاہور ہائی کورٹ نے منگل کو پی پی 133 ننکانہ صاحب سے پاکستان مسلم لیگ نواز (ن) کے رانا ارشد کی جیت کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔
مزید پڑھیں :سستی روٹی پر عملدرآمد نہ ہونے پر وزیراعلیٰ کے پی کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان
جسٹس شاہد کریم نے یہ حکم حریف آزاد امیدوار محمد عاطف کی جانب سے رانا ارشد کی جیت کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کرنے کی درخواست پر دیا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور دیگر مدعا علیہان کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کر لیا۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کے روبرو دلائل دیئے کہ ان کے موکل نے پی پی 133 سے 3500 ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی تاہم ای سی پی نے غیر قانونی طور پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں رانا ارشد کو نہ صرف 2500 ووٹوں کے فرق سے کامیاب قرار دیا گیا بلکہ اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا۔

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ درخواست کے حتمی فیصلے تک نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے۔عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد رانا ارشد کی جیت کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کر لیا۔