اسلام آباد( نیوز ڈیسک) 8 فروری 2024ء کے ہونیوالے عام انتخابات کو کالعدم قرار دینے کے حوالے سے دائر درخواست پر سماعت ۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کیس کی سماعت کر رہا ہے، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی بنچ میں شامل ہیں۔
درخواست گزار کی عدم پیشی پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ درخواست گزار کدھر ہیں؟ جبکہ جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ درخواست گزار نے تو 13 فروری کو درخواست واپس لینے کی اپیل کر دی تھی۔دوران سماعت درخواست گزار بریگیڈیئر (ر) علی خان کی جانب سے درخواست واپس لینے کی استدعا کی گئی۔چیف جسٹس نے کہا کہ ایسے نہیں چلے گا، ہم کیس سنیں گے.
سپریم کورٹ کیساتھ مذاق نہیں ہو سکتا، درخواست گزار کو کہیں سے بھی لا کر پیش کریں، پہلے درخواست دائر کرتے ہیں اور پھر غائب ہو جاتے ہیں، کیا یہ مذاق چل رہا ہے؟چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے درخواست گزار کو سپریم کورٹ میں فوری پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کو نوٹس کی تعمیل کرانے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ بریگیڈیئر (ر) علی خان کی جانب سے سپریم کورٹ میں الیکشن کالعدم قرار دینے کی درخواست دائر کی گئی تھی۔دائر درخواست میں اپیل کی گئی ہے کہ پری پول دھاندلی، نتائج میں تاخیر کے بعد جمہوری اصولوں کو خطرہ لاحق ہے، سپریم کورٹ اپنی نگرانی میں 30 دن کے اندر نئے انتخابات کا حکم دے۔















