راچڈیل(نیوزڈیسک)مسلم لیگ (ن )کے سینئر نائب صدر اور چیف کو آرڈینیٹر انٹرنیشنل افئیرز بیرسٹر امجد ملک نے کہا ہے کہ آنے والا وقت اوورسیزپاکستانیوں اور پاکستان کے شہریوں کیلئے خوشیوں کی نوید لائے گا، سنجیدہ تجربہ کار اور سیزن سیاستدان ملک کی خدمت کا سلسلہ وہیں سے شروع کریں گے جہاں توڑ دیا گیا تھا۔پاکستان مسلم لیگ (ن )جرمنی کے وفد نے محمد عنصر بٹ جنرل سیکرٹری کی قیادت میں مسلم لیگ (ن )کے سینئر نائب صدر اور چیف کو آرڈینیٹر انٹرنیشنل افئیرز بیرسٹر امجد ملک سے انکے آفس میں ملاقات کی ۔تین رکنی وفد میں محمد عنصر بٹ کیساتھ مسلم لیگ ن برلن کے صدر اور سینئر مسلم لیگی کارکن اعجاز احمد بٹ اور برلن کے سیکرٹری جنرل برلن مرزا بشارت حسین شامل تھے۔ بیرسٹر امجد ملک نے وفد کو خوش آمدید کہا اور مسلم لیگ (ن )جرمنی کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہاکہ آنے والا وقت اوورسیزپاکستانیوں اور پاکستان کے شہریوں کیلئے خوشیوں کی نوید لائے گا۔ قائد مسلم لیگ (ن )میاں محمد نواز شریف کی پاکستان آمد سے سیاسی تجربات کے موسموں کا وقت تمام ہوا اب سنجیدہ تجربہ کار اور سیزن سیاستدان ملک کی خدمت کا سلسلہ وہیں سے شروع کریں گے جہاں توڑ دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹر اسحق ڈار اور جنرل سیکرٹری نورالحسن تنویر کی قیادت میں اوورسیز پاکستانی یونٹ پہلے سے مضبوط توانا اور متحرک ہے۔ آنے والا وقت اوورسیز کا ہے اور آپ سب کی گزارشات سفارشات اور مطالبات شامل حال ہیں۔ عنصر بٹ نے کہا کہ ہم مسلم لیگ ن اور اسکے قائد کے نظریے کیساتھ کھڑے تھے اور کھڑے رہیں گے اور انتخابات میں اپنے ووٹر کو گھر سے نکالیں گے اور مسلم لیگ ن کے امیدواران کی بھرپور حمائت کریں گے۔ اعجاز بٹ نے کہا کہ برلن مسلم لیگ (ن )کا ہے اور رہے گا۔ ہم نے اس وقت وہاں مسلم لیگ ن اور پاکستان کا پرچم بلند کیا جب ملک میں مسلم لیگ( ن )کیلئے مشکلات تھیں۔ انہوں نے کہا کہ لیڈرشپ کے اگلے وزٹ کیلئے مسلم لیگ (ن )برلن فرش راہ ہے اور انشاللہ ہم قائد مسلم لیگ (ن) کا والہانہ استقبال کریں گے۔ مرزا بشارت حسین نے بھی اپنی لیڈرشپ کیساتھ کھڑے رہنے کا عہد کیا اور مسلم لیگ ن کی حمائت کیلئے کوششیں جاری رکھنے کا وعدہ کیا۔ بیرسٹر امجد ملک نے اوورسیز کے مسائل اور منشور کیلئے مشاورت کی اور قائد کے ویڑن کی مطابق تنظیم نو پر اعتماد میں لیا۔ سیکرٹری جنرل مسلم لیگ (ن )جرمنی عنصر بٹ نے بیرسٹر امجد ملک کو نئے سال میں برلن جرمنی آنے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔ بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ اس دفعہ منشور میں اورسیز کا علیحدہ باب بنایا گیاہے اور انہوں نے کنوینر کے طور پر آپ سب کی آراءکے مطابق گزارشات بھیجی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بہت سے دوست اوورسیز سے الیکشن لڑنے پاکستان گئے ہیں ہم ان تمام امیدواران کو سپورٹ کرتے ہیں۔ وفد نے بیرسٹر امجد ملک کی قیادت میں مسلم لیگ ن جرمنی کے صدر رانا لیاقت علی کی حمائت کا اعلان کیا اور کہا کہ اوورسیز سیٹوں کیلئے سب ملکر کوششیں جاری رکھیں گے۔ بیرسٹر امجد ملک نے مہمانوں کی خاطر طواضع کی اور جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن )جرمنی عنصر بٹ اور انکے وفد کو اعزازی شیلڈ اور سرٹیفکیٹ سے نوازا اور تحائف کیساتھ رخصت کیا۔















