اسلام آباد(نیوز ڈیسک )سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نےجنیوا کانفرنس میں عالمی برادری کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے بھرپور تعاون کا خیر مقدم کرتے ہوئے جنیوا کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر وزیر اعظم میاں شہباز شریف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور حکومت کی معاشی و سفارتی ٹیم کو مبارکباد دی ہے ۔ منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا انعقاد پاکستان اور سیلاب متاثرین کیلئے غیر معمولی کامیابی ہے،عالمی برادری اور سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کے شکر گزار ہیں، عالمی برادری کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے امداد سیلاب متاثرین کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لائے گی۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کانفرنس ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم پیش رفت ثابت ہو گی،جنیوا کانفرنس نہ صرف پاکستان بلکہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے دیگر ممالک اور کراہ ارض کی ماحولیاتی بہتری میں سود مند ثابت ہو گی،ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں آنے والے سیلاب سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات ہوئے،عالمی برادری کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے معاونت خوش آئند ہے۔سپیکر نے جنیوا کانفرنس میں پاکستان کی حمایت کرنے اور سیلاب متاثرین کے مسائل کو اجاگر کرنے والے ملکی اور غیر ملکی شرکا اورماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو موثر انداز میں اجاگر کرنے پر ذرائع ابلاغ کا بھی شکریہ ادا کیا۔















