نگورنو کاراباخ(نیوزڈیسک) متنازعہ علاقے نگورنو کاراباخ کے آئل ڈپو میں دھماکے سے خوفناک آگ بھڑک اُٹھی ، آئل ڈپو میں خوفناک آتشزدگی سے 20 افراد ہلاک اورسینکڑوں زخمی ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آرمینیا کی حکومت کا کہنا ہے کہ آئل ڈپو میں لگنے والی آگ میں زخمیوں کی تعداد 200 سے تجاوز کرگئی اور اکثر کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔وزارت صحت کا کہنا ہے کہ امدادی کاموں کے دوران جائے وقوعہ سے 13 لاشیں ملیں جبکہ 7 دیگر افراد نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج دم توڑ دیا۔آرمینیا ئی حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے بعد نگورنو کاراباخ سے 13 ہزار 350 بے گھر افراد زبردستی آرمینیا میں داخل ہوگئے جنہیں رہائش کے ساتھ دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔















