اسلام آباد(نیوزڈیسک) پاکستان میں تھائی لینڈ کے سفیر چاکریڈ کراچائیونگ نے کہا ہےکہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ آزاد تجارت کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے تیار ہے،ہفتہ کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تھائی ایئر کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے اپنی پروازیں دوبارہ شروع کر رہی ہے جس سے تجارت بہتر ہوگی،انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک سمندری خوراک، چاول، پھل، حلال فوڈ اور حلال کاسمیٹکس سمیت دیگر شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تجارت کو فروغ دے سکتے ہیں۔















