اسلام آباد(رضوان عباسی)عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ایران۔امریکہ کشیدگی سے پہلے کی سطح سے بھی نیچے آ گئی ہیں، تاہم پاکستان میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں تاحال کوئی کمی نہیں کی گئی، جس کے باعث عوام کو عالمی منڈی میں ہونے والی کمی کا فائدہ نہیں مل سکا۔
وفاقی وزیرِ پیٹرولیم کی جانب سے جاری کردہ چارٹ کے مطابق 22 سے 26 جون کے دوران عالمی منڈی میں پیٹرول کی پلیٹس قیمت میں 6.67 ڈالر فی بیرل یا 6.78 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی پلیٹس قیمت 4.30 ڈالر فی بیرل یا 3.78 فیصد کم ہوئی۔
اعداد و شمار کے مطابق 22 جون کو پیٹرول کی پلیٹس قیمت 98.35 ڈالر فی بیرل تھی، جو 26 جون تک کم ہو کر 91.68 ڈالر فی بیرل رہ گئی۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی پلیٹس قیمت 109.09 ڈالر فی بیرل سے گھٹ کر 104.79 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔
عالمی منڈی میں نمایاں کمی کے باوجود حکومت نے نئی قیمتوں کے اعلان میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں ایک پیسے کی بھی کمی نہیں کی۔ اس فیصلے کے بعد عوامی اور کاروباری حلقوں میں سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ جب عالمی مارکیٹ میں قیمتیں مسلسل کم ہو رہی ہیں تو اس کا فائدہ صارفین تک کیوں نہیں پہنچایا جا رہا۔
عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اثر مقامی مارکیٹ میں بھی منتقل ہونا چاہیے تاکہ عوام کو مہنگائی کے بوجھ میں کچھ ریلیف مل سکے، تاہم حکومت نے اس مرتبہ قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے.
مزید پڑھیں:این ڈی ایم اے کا الرٹ، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا















