اسلام آباد (اے بی این نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 27 جون سے 3 جولائی تک وقفے وقفے سے متوقع بارشوں اور گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، چٹانیں سرکنے اور ملبہ بہنے کے خطرات میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ موجودہ موسمی صورتحال این ای او سی کی جانب سے تین سے چار ماہ قبل جاری کیے گئے موسمی جائزے کے مطابق ہے۔ قبل از وقت جاری کی گئی موسمی پیشگوئی متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور بروقت حفاظتی اقدامات یقینی بنانے میں مدد فراہم کر رہی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق اس دوران شاہراہ قراقرم (کے کے ایچ/این-35)، جگلوٹ-سکردو روڈ اور دیگر ملحقہ رابطہ سڑکوں پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث عارضی بندش کا خدشہ بھی موجود ہے، جس سے بجلی، مواصلاتی نظام اور آمدورفت متاثر ہو سکتی ہے۔
اتھارٹی نے مقامی انتظامیہ کو حساس مقامات کی مسلسل نگرانی، بروقت حفاظتی اقدامات اور ہنگامی امدادی ٹیموں کو ہر وقت الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ اس کے علاوہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو ضروری مشینری، افرادی قوت اور وسائل کی بروقت دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں، سیاحوں اور مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ پہاڑی ندی نالوں، گلیشیئر سے ملحقہ وادیوں اور ڈھلوانوں پر غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسلا دھار بارش کے دوران یا اس کے فوراً بعد خصوصی احتیاط برتیں۔
اتھارٹی نے مزید ہدایت کی ہے کہ دوران سفر مقامی انتظامیہ، ٹریفک پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہدایات پر عمل کیا جائے، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کیا جائے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ این ای او سی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور موسمی صورتحال، ممکنہ خطرات اور حفاظتی تدابیر سے متعلق بروقت معلومات متعلقہ اداروں تک پہنچائی جا رہی ہیں۔ شہری مزید رہنمائی کے لیے “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” موبائل ایپ سے بھی استفادہ کر سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں:بلوچستان میں شدید زلزلہ،متعدد مکانات کو نقصان، زخمیوں کی اطلاعات















