اہم خبریں

پہلا ون ڈے،پاکستان نے افغانستان کو 142 رنز سےپچھاڑ دیا

ہمبنٹوٹا(نیوزڈیسک)پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے افغانستان کو 142 رنز سے شکست دے دی۔ ہمبنٹوٹا میں کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے میچ میں افغانستان کی ٹیم 202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 59 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پہلے شاہین آفریدی، پھر نسیم شاہ اور اسکے بعد حارث رؤف نے یکے بعد دیگرے افغان بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ شاہین آفریدی نے تیسرے اوور میں ابراہیم زادران اور رحمت شاہ کو کیچ آؤٹ کیا اور اگلے ہی اوور میں نسیم شاہ نے افغانستان کے کپتان حشمت اللّٰہ شاہدی کو میدان بدر کرکے پاکستانی پیس بیٹری کا الارم بجادیا۔ افغانستان کی ٹیم مشکلات سے دوچار ہوئی تو حارث رؤف نے گرتی ہوئی دیوار کو جھٹکے دینا شروع کردیے۔ حارث رؤف نے پہلے 18 کے مجموعے پر اکرام علی خیل، 35 پر رحمان اللہ گرباز، 48 پر محمد نبی اور اسی اسکور پر راشد خان کو بھی پویلین بھیجا۔ افغانستان کے عظمت اللّٰہ عمر زئی ریٹائر ہٹ ہوئے۔آٹھویں وکٹ شاداب خان کے حصے میں آئی جبکہ نویں اور آخری وکٹ مجیب الرحمان کو آؤٹ کوکے حارث رؤف نے لی۔حارث رؤف نے 18 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو پویلین لوٹایا۔ شاہین آفریدی نے دو جبکہ نسیم شاہ اور شاداب خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ افغانستان کی جادوگر اور تجربہ کار اسپن بولنگ کے سامنے قومی بیٹرز پریشانی کا شکار رہے۔ فاسٹ بولر فضل حق فاروقی نے اوپنر فخر زمان کو 2 رنز پر پویلین لوٹایا تو مجیب الرحمان نے بابر اعظم کو صفر پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے پاکستان ٹیم کو مشکلات میں دھکیل دیا۔ پاکستان کی تیسری وکٹ 40 رنز پر گری جب محمد رضوان 21 رنز بنا کر 7.5 اوورز میں مجیب کی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔اگلے بلے باز آغا سلمان تھے جنہوں نے صرف 7 رنز بنائے۔ وکٹ کی دوسری جانب موجود امام الحق کا ساتھ دینے کےلیے افتخار احمد کیریز پر آئے تو دونوں کے درمیان 50 رنز کی شراکت بنی۔ اس کے بعد امام الحق اور شاداب خان کے درمیان 40 رنز کی پارٹنرشپ بنی اور ٹیم نے ڈیڑھ سو کا ہندسہ مکمل کیا، جہاں امام الحق اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ دے بیٹھے۔ انہوں نے 21 رنز کی اننگز کھیلی۔ نئے آنے والے بلے باز اسامہ میر صرف 2 رنز کے مہمان ٹھہرے جبکہ انکے بعد آنے والے شاہین آفریدی بھی اتنے ہی رنز بنا کر راشد خان کو وکٹ دے بیٹھے۔ 9ویں وکٹ پر شاداب خان اور نسیم شاہ نے 35 رنز جوڑ کر ٹیم کا ٹوٹل 200 کے قریب کیا۔ شاداب خان 39 رنز بنا کر 198 کے مجموعے پر رن آؤٹ ہوئے۔پاکستان کے 201 رنز پر آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز حارث رؤف تھے جو ایک رن بناسکے۔ دوسری جانب نسیم شاہ 18 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان نے 3، محمد نبی اور راشد خان نے دو دو جبکہ رحمت شاہ اور فضل حق فاروقی نے ایک ایک وکٹ لی۔

متعلقہ خبریں