میانوالی (نمائندہ خصوصی): میانوالی پولیس نے چشمہ بیراج پر کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے وابستہ سمگل شدہ سگریٹوں کی بڑی کھیپ پکڑ لی، جبکہ سگریٹ سمگلنگ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران 406 ڈنڈے سمگل شدہ سگریٹ اور 50 کلو گرام چھالیہ برآمد کی گئی۔
ذرائع کے مطابق ضبط کیے گئے نان کسٹم پیڈ سگریٹوں میں میلانو اور مونڈ برانڈز بھی شامل ہیں، جو مبینہ طور پر گلبہار ٹوبیکو کمپنی کے تیار کردہ ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گلبہار ٹوبیکو کمپنی افغانستان کے ایک کاروباری خاندان کی ملکیت ہے۔
ذرائع کے مطابق افغانستان سے وابستہ سگریٹ سمگلنگ نیٹ ورکس پاکستان میں غیر قانونی سگریٹوں کی فروخت سے بڑے پیمانے پر مالی فوائد حاصل کر رہے ہیں، جبکہ اس غیر قانونی کاروبار سے حاصل ہونے والی رقوم کو مبینہ طور پر منی لانڈرنگ کے ذریعے افغانستان منتقل کیے جانے کا امکان رد نہیں کیا جا سکتا ۔
ذرائع کے مطابق انچارج چیک پوسٹ ریموٹ سرچ پارک چشمہ، سب انسپکٹر محمد عرفان نے اپنی ٹیم اور کسٹمز اہلکاروں کے ہمراہ کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران سمگلنگ میں استعمال ہونے والی کار نمبر ICT- AVJ-714، سفید رنگ کی سوزوکی کلٹس بھی قبضے میں لے لی گئی۔
گرفتار ملزم کی شناخت محمد انیس حلیم ولد عبدالحلیم، سکنہ حلیم آباد، گرہ بڈھا، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان کے نام سے بتائی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ڈی پی او میانوالی وقار عظیم کھرل کی ہدایات پر بین الصوبائی چیک پوسٹوں پر سمگلنگ کی روک تھام کے لیے سخت نگرانی اور مؤثر انتظامات کیے گئے ہیں، جس کے تحت مشکوک گاڑیوں کی چیکنگ کا عمل مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے برآمد ہونے والے نان کسٹم پیڈ سمگل شدہ سگریٹ اور دیگر سامان مزید قانونی کارروائی کے لیے کسٹمز حکام کے حوالے کر دیا ہے۔ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
مزید پڑھیں: جولٹا نے 3 لاکھ 29 ہزار 900 روپے میں نئی الیکٹرک موٹر سائیکل متعارف کرا دی















