اسلام آباد(اے بی این نیوز )قومی اسمبلی کے سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے قانون کی حکمرانی اور ریاستی اداروں کے مابین قریبی رابطوں اور تعاون کا فروغ ناگزیر ہے۔انہوں نے قانونی نظام کو مزید بہتر بنانے، فوری اور شفاف انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسپیکر ہاؤس اسلام آباد میں اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں سپیکر قومی اسمبلی اور اٹارنی جنرل نے مختلف قانونی معاملات میں صلاحات لانے پر تبادلہ خیال کیا۔سپیکرنے کہا کہ قانون کی حکمرانی ایک منصفانہ معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کو یقینی بنانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمان آئینی ڈھانچے کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے جو تمام شہریوں کے لیے انصاف اور مساوی حقوق کی فراہمی کی ضمانت دیتا ہے۔ اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے قانونی نظام کو مزید بہتر بنانے اور عوام کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے اسپیکر قومی اسمبلی کے عزم کو سراہا۔انہوں نے قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے اور قانونی نظام کو آسان بنانے کے لیے حکومت کے عزم کو بھی دہرایا۔ ملاقات میں ملک اور اس کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے رابطوں کو جاری رکھنے اور باہمی مفاہمت کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔















