دبئی (اے بی این نیوز)عالمی منڈی میں پیر کے روز تیل کی قیمتوں میں 4 فیصد سے زائد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے کیونکہ آبنائے ہرمز کے راستے توانائی کی ترسیل کو لاحق خطرات برقرار رہے، جبکہ امریکا اور ایران نے ایک دوسرے کے خلاف نئی فوجی کارروائیوں کا اعلان کیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 3.10 ڈالر یا 4.08 فیصد اضافے کے بعد 79.11 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل 2.95 ڈالر یا 4.11 فیصد بڑھ کر 74.36 ڈالر فی بیرل ہو گیا۔
اُدھر امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا کہ اتوار کو امریکی افواج نے ایران کے مختلف مقامات پر درجنوں اہداف کو نشانہ بنایا اور ان کارروائیوں میں جدید اور درست ہتھیار استعمال کیے گئے۔
دوسری جانب ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے پیر کو دعویٰ کیا کہ انہوں نے کویت اور بحرین میں امریکی فوجی اڈوں پر حملے کیے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو کہا کہ آبنائے ہرمز تجارتی جہازوں کے لیے کھلی ہے۔ تاہم ایران نے اس سے پہلے اعلان کیا تھا کہ ایک جہاز غیر منظور شدہ راستے سے گزرا تھا اور اسے نشانہ بنائے جانے کے بعد آبنائے کو بند کر دیا گیا۔
مزید پڑھیں: آج 13 جولائی پاکستان کے مختلف شہروں میں سولر پینلزکی قیمتیں















