اہم خبریں

وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو کاروبار کیلئے آسان شرائط پر اربوں روپے دیئے گئے ہیں،شزہ فاطمہ خواجہ

اسلام آباد(اے بی این نیوز    )وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو کاروبار کیلئے آسان شرائط پر اربوں روپے دیئے گئے، نوجوانوں کی فلاح و بہبود وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیئے گئے ہیں، نوجوانوں پر سرمایہ کاری بہترین سرمایہ کاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو وزیراعظم نیشنل انوویشن ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل انوویشن ایوارڈ مقابلوں میں ملک بھر سے نوجوانوں نے شرکت کی ہے، وزیراعظم یوتھ پروگرام 2013ءمیں شروع کیا گیا، ملک کی 70 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر ہے، ان کیلئے وظائف، مفت لیپ ٹاپ، کاروبار کیلئے آسان شرائط پر قرضے اور ہنرمند بنانے کے پروگرام شروع کئے گئے، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو کاروبار کیلئے آسان شرائط پر 100 ارب روپے کا قرضہ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے بجٹ میں بھاری رقم مختص کرنا بہترین سرمایہ کاری ہے، یہ نوجوان ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کیا گیا جس کا مقصد نوجوانوں کو تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ پانچ ماہ کے دوران نوجوانوں کو آسان شرائط پر کاروبار کیلئے 30 ارب روپے قرضہ دیا گیا ہے، یونیورسٹیوں میں نوجوانوں کیلئے یوتھ کلب قائم کئے گئے ہیں، نوجوانوں کی فلاح و بہبود وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے باصلاحیت نوجوانوں میں چیک اور ایوارڈز تقسیم کئے۔

متعلقہ خبریں