برمنگھم ( اے بی این نیوز )ورلڈ ٹیسٹ کرکٹ چیمپئن شپ کے نئے 2 سالہ ایڈیشن کا آغاز دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور انگلینڈ کے مابین ایشز سیریز کے ذریعے برمنگھم میں 16 جون سے ہوگا۔یاد رہے کہ آسٹریلیا 11 جون کو اوول میں ہونے والے ورلڈ ٹیسٹ کرکٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں بھارت کو 209 رنز کے بھاری مارجن سے ہراکر عالمی ٹیسٹ چیمپئن بن گیا تھا۔5 میچوں کی ہائی پروفائل ایشز سیریز برمنگھم میں شروع ہو رہی ہے جب کہ سیریز کے باقی میچز لارڈز، لیڈز، مانچسٹر اور اوول میں باقی میچز ہوں گے۔آسٹریلیا نے ملک سے باہر 9 میچ کھیلے جن میں نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے خلاف 2 ٹیسٹ سیریز شامل تھیں جب کہ ہوم گراؤنڈز پر اس نے ہندوستان سے 5، پاکستان سے 3 اور ویسٹ انڈیز کے خلاف 2 ٹیسٹ کھیلے۔دوسری جانب انگلینڈ نے 10 ٹیسٹ میچز اپنے ملک میں اور 11 باہر کھیلے ہیں۔ اس نے آسٹریلیا کے علاوہ ویسٹ انڈیز کی 3 اور سری لنکا کی 2 ٹیسٹ میچوں میں میزبانی کی جب کہ ملک سے باہر کھیلتے ہوئے اس نے ہندوستان سے 5، پاکستان 3 اور نیوزی لینڈ سے 3 میچوں میں مقابلہ کیا۔9 ٹیموں پر مشتمل ڈبلیو ٹی سی کا ڈھانچہ یکساں رہتا ہے جس میں ہر ٹیم 2 سال کی مدت میں 3 ہوم اور 3 غیر ملکی سیریز کھیلتی ہے جس کا اختتام ایک فائنل پر ہوتا ہے۔ پچھلے ایڈیشن میں استعمال ہونے والا پوائنٹس فیصد سسٹم اسکور بورڈ کا تعین کرے گا۔ ٹیموں کو جیت کے لیے 12 پوائنٹس، ٹائی کے لیے 6 اور ڈرا کے لیے 4 پوائنٹس ملیں گے۔آئی سی سی کے کرکٹ کے جنرل منیجر وسیم خان نے کہا ہے کہ ڈبلیو ٹی سی ٹیسٹ کرکٹ میں دلچسپی بڑھانے میں خاصا معاون ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے چیمپئن شپ کے نئے ’سائیکل‘ میں کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔













