لاہور(اے بی این نیوز)چیئرمین پاکستان علما کونسل و نمائندہ خصوصی وزیراعظم برائے بین المذاہب ہم آہنگی ومشرقی وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ توہین شہدا پر سپریم کورٹ سوموٹو ایکشن لے ،9 مئی کو جلاو گھیراو کرنے والوں کے ساتھ سہولت کاروں کو بھی قرار واقعی سزا دی جائے ،اگر آئین میں پولیس کو چادر چار دیواری کے تقدس کا خیال رکھنے کی ہدایت کی جاتی ہے تو جناح ہاو¿س پر حملہ کرنے والوں کو کس طرح معافی دی جا سکتی ہے ،ہمارے بیرونی دشمن بہت ہیں ہم اندرونی انتشار کے متحمل نہیں ہو سکتے، پاکستان ، اسلام اور ختم نبوت کی جو بات کریگا وہ ہمارے لیے سر کا تاج ہے۔اتوار کے روز پاکستان علما کونسل کے زیر اہتمام تمام مکاتب فکر کے علما مشائخ اور مختلف مذاہب کے نمائندوں کے ہمراہ الحمراہال لاہور میں استحکام پاکستان علماومشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ میں نے اہل بیعت کی چوکیداری کی ہے ، ہم بات نہیں عمل کرتے ہیں،مجھے کسی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ،مجھے ختم نبوت کیلئے بھی کسی سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں،ہم نے اپنے کارکنوں اور ساتھیوں کو بدتمیزی کی اجازت نہیں دی،یہ جذباتی نوجوان تھے، پاک فوج اور ملک کی سلامتی کے خلاف ان کا قصور نہیں، قصور ان سہولت کاروں کا ہے جس نے انکو اس راستے پر لگایا جو اس میں ملوث ہیں انکو سزا ملنی چاہیے۔ مجھے کہتے ہیں عمران خان کی بات کرتے ہیں اس نے اقوام متحدہ میں بات کی اس کی حمایت کی۔پورے ملک میں یوم شہدا منایا گیا کن لوگوں نے نہیں منایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مضبوطی پاک فوج کے ساتھ منسلک ہےجب ملک اور فوج اپنی ہے تو فوج کے خلاف اتنی آگ بھرنے کی کیا ضرورت ہے۔ ہم سب کے سب پاک فوج کے سپاہی ہیں۔ ہماری فوج تو ہماری حفاظت کرتی ہے ہمیں انکی خیریت کی دعا کرنی چاہیے۔حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ بینظیر بھٹو شہید کے بعد آصف زرداری نے کہا تھا پاکستان کھپے یہ فوج میری ہے ، ایمان جہاد والی فوج ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی سیاسی جماعت بنتی ہے یا ٹوٹتی ہے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ شرکا نے کہا کہ معصوم کارکنوں کا کوئی قصور نہیں ہوتا۔ علما مشائخ کے اجتماع کا یہ مطالبہ ہے کہ توڑ پھوڑ کرنے والوں کو ہی نہیں جو انکے پیچھے سہولت کار ہیں انکے خلاف کاروائی ہونی چاہیے۔ کسی بے گناہ کو سزا بلکل نہیں ہونی چاہی۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت پاکستان ان لوگوں کے خلاف فوری ایکشن لے جو باہر کے ممالک میں پاکستان کے خلاف سرگرم ہیں۔ پاکستان ایک ایٹمی ملک ہے ، جس کا دفاعی بجٹ چھوٹے چھوٹے ممالک سے بھی کم ہے ، ہمارے دشمن بہت زیادہ ہیں۔ہمارا فرض ہے کہ ہم قوم اور فوج کے درمیان جو خلا پیدا کیا جارہا ہے اسکے خلاف کھڑے ہوں ۔ہم وزیراعظم شہباز شریف سے درخواست کرتے ہیں کہ قوم کی بیٹی عافیہ صدیقی کو وطن واپس لائیں۔ شرکا کا کہنا تھا کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وعدہ کیا تھا کے سودی نظام کا خاتمہ کریں گے۔ آئین کی سربلندی تب ہو گی جب ملک سے سود کا نظام ختم ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حج کے بعد آل پارٹی کانفرنس بلائیں گے۔اس موقع پر خان محمد قادری و دیگر شرکا نے کہا کہ پاکستان ہمارا اثاثہ ہے۔ملک کے عزیز ادارے پاک فوج کے خلاف سازش کی گئی ان سازشی عناصر کو سزا ملنی چاہیے۔ انہوں نے کہا 9 مئی جیسے واقعات پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش ہے ان مٹھی بھر شرپسندوں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔انہوں نے کہا کہ خلافت راشدہ کا قانون لایا جائے تا کہ اس ملک میں امن و امان آئے،جو خلافت راشدہ کے حق میں ہوں ہم اسکے جوتے بھی چومیں گے جو عقیدہ ختم نبوت کا چوکیدار ہوگا ہم اسکی حمایت کریں گے۔















