پشاور ( اے بی این نیوز )پشاور ہائی کورٹ نے تھری ایم پی او کے تحت گرفتار سابق وزیر مملکت علی محمد خان کو رہا کرنے کا حکم دےد یا ہے۔عدالت نے تھری ایم کے تحت گرفتار دیگر ملزمان کی درخواستیں بھی منظور کرلی ہیں اور اس حوالے سے مختصر فیصلہ سنایا گیا ہے۔پشاور ہائی کورٹ کے جج جسٹس اعجاز انور اور جسٹس ایس ایم عتیق شاہ پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔علی محمد خان کے وکیل علی زمان ایڈووکیٹ نے عدالت کے سامنے موقف اختیار کیا کہ علی محمد خان کو تھری ایم او کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کی رہائی کا حکم دیا جائے۔اس موقع پر ایڈووکیٹ جنرل نے موقف اختیار کیا کہ انتظامیہ کے پاس یہ اختیار ہے کہ جو شخص امن و امان خراب کرتا ہے اس کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا جائے۔دوران سماعت پشاور ہائی کورٹ کے جج جسٹس اعجاز انور نے ریماکس دیے کہ جو پریس کانفرنس کرتا ہے اسے چھوڑ دیا جاتا ہے اور بات نہ کرنے والوں کو دوبارہ گرفتار کر لیا جاتا ہے۔جسٹس اعجاز انور نے کہا کہ ایک پریس کانفرنس پر کس طرح اتنے سنجیدہ الزامات ختم ہوجاتے ہیں۔اس موقع پر علی محمد خان کے وکیل علی زمان نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے علی محمد خان کو رہا کرنے کا حکم دیا تو کے پی پولیس نے ان کو تھری ایم پی او میں گرفتار کیا۔















