اسلام آباد( اے بی این نیوز ) جمہوریہ بیلاروس کے وزیر خارجہ سرگئی ایلینک نے آج وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق سے وزارت اقتصادی امور میں ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں پاکستان بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی) کے جنوری 2023 میں منسک، بیلاروس میں ہونے والے چھٹے اجلاس کے دوران کیے گئے وعدے بھی شامل ہیں۔ ملاقات میں پاکستان میں بیلاروس کے سفیر مسٹر اینڈری میٹیلیسا، ایشیا، افریقہ اور لاطینی امریکہ کے ڈی جی مسٹر ایگور بیلی اور پاکستان میں بیلاروس کے سفارت خانے کے تجارتی کونسلر مسٹر الیا کناپلیو نے بھی شرکت کی۔ حمیر کریم، قائم مقام سیکرٹری EAD، ایڈیشنل سیکرٹری اور وزارت اقتصادی امور کے دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔ وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے جمہوریہ بیلاروس کے وزیر خارجہ کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان خوشگوار اور دوستانہ تعلقات ہیں اور مستقبل میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے خواہاں ہیں۔ انہوں نے پاکستان بیلاروس JMC کے کامیاب چھٹے اجلاس کو سراہا جس نے تجارت، زراعت، صحت، سائنس و ٹیکنالوجی، سیاحت اور صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری میں مزید تعاون کی راہ ہموار کی۔ جمہوریہ بیلاروس کے وزیر خارجہ سرگئی ایلینک نے دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت حقیقی صلاحیت سے بہت کم ہے اور اسے G2G اور B2Bمذاکرات، تجارتی نمائشوں اور بینکنگ کے طریقہ کار کی ہم آہنگی کے ذریعے فرو غ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بائیو اینڈ میڈیکل ٹیکنالوجیز، جیولوجیکل ایکسپلوریشن، کان کنی ٹیکنالوجی، زرعی آلات اور انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی میں بیلاروس کی مہارت کو مزید اجاگر کیا جس سے پاکستان فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ انہوں نے تجارت اور اس فروغ کے ساتھ ساتھ زراعت کی ترقی کے حوالے سے حکومت پاکستان کے نقطہ نظر کو بھی سراہا۔ مزید برآں، انہوں نے پائیدار ترقی کے حصول کے لیے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سہولت کاری کے روڈ میپ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔















