اہم خبریں

سونے کی قیمت میں ایک بار پھر زبردست کمی، آج کی تازہ ترین اپڈیٹ

سونے کی قیمت میں ایک بار پھر زبردست کمی،آج کی تازہ ترین اپڈیٹ

کراچی (اے بی این نیوز) پاکستان میں سونے کی قیمت میں مسلسل دو روز اضافے کے بعد ایک بار پھر بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونا 4300 روپے جبکہ 10 گرام سونا 3687 روپے سستا ہو گیا۔

عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں منگل کے روز سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 43 ڈالر کمی کے بعد 4050 ڈالر کی سطح پر آ گئی۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 4300 روپے کی کمی کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 27 ہزار 436 روپے ہو گئی ہے۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 3687 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد 10 گرام سونے کا نیا ریٹ 3 لاکھ 66 ہزار 457 روپے مقرر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھی گئی۔ فی تولہ چاندی 174 روپے سستی ہو کر 6 ہزار 223 روپےجبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 149 روپے کمی کے بعد 5 ہزار 335 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی، ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور سرمایہ کاروں کے بدلتے رجحانات کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی سونے کے نرخ متاثر ہوئے ہیں۔

صرافہ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ حالیہ کمی کے بعد زیورات خریدنے والے صارفین کی دلچسپی میں اضافہ ہو سکتا ہے، تاہم قیمتوں میں مسلسل تبدیلی کے باعث خریدار اور سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں‌:بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ عہدے سے مستعفی

متعلقہ خبریں