ملتان (اے بی این نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مخدوم زین حسین قریشی نے پارٹی کے کچھ سابق رہنماؤں کی اڈیالہ جیل میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سے ملاقات پر میڈیا میں پیدا ہونے والے تاثر کی تردید کی ہے۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے منحرف رہنما چوہدری فواد نے میڈیا کو بتایا تھا کہ ان کی دیگر ساتھیوں کے ہمراہ پی ٹی آئی کی لیڈرشپ بشمول شاہ محمود قریشی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات ہوئی اور پی ٹی ایم حکومت کے خلاف مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوا۔ فواد چوہدری کی اس گفتگو سے تاثر ملا کہ وہ اور ان کے ساتھیوں کا پی ٹی آئی کے کچھ رہنماؤں کے ساتھ کوئی اتحاد بننے جا رہا ہے۔
اسی حوالے سے زین قریشی نے ایک ٹوئٹ کیا جس میں انہوں نے واضح کیا کہ آج اڈیالہ جیل میں تحریک انصاف کے سابق رہنماؤں سے شاہ محمود قریشی صاحب کی ملاقات پر میڈیا میں جو تاثر دیا جا رہا ہے وہ اس کی تردید کرتے ہیں۔زین قریشی کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی پارٹی کے وائس چیئرمین اور ایک نظریے کا نام ہیں اور ہم پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان کے نظریے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی نے آج تک صرف اصولوں اور خدمت کی سیاست کی ہے اور عہدے کی پیشکش یا کسی اور لالچ کے ذریعے انہیں خریدا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ شاہ محمود قریشی کل بھی عمران خان کے ساتھ تھے اور آج بھی ان ہی کے ساتھ ہیں۔















