اسلام آباد (اے بی این نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کے لیے قائم جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔ملک میں 9 مئی کو جناح ہاؤس اور عسکری ٹاور میں جلاؤ گھیراؤ کے واقعات کی تحقیقات کے لیے قائم جے آئی ٹی کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کو آج طلب کیا گیا تھا۔عمران خان خود تو جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہیں ہوئے لیکن انھوں نے اپنی لیگل ٹیم بھیج دی۔ لاہور میں ڈی آئی جی انویسٹی گیشن آفس پہنچنے پر لیگل ٹیم کا کہنا تھا کہ بہت مختصر وقت میں ہمیں نوٹس ملا ، چیئرمین پی ٹی آئی آج کی طلبی پر جے آئی ٹی میں پیش نہیں ہوں گے۔ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کامران خان کی سربراہی میں بننے والی جے آئی ٹی نے عمران خان کو ڈی آئی جی انویسٹی گیشن آفس قلعہ گجر سنگھ میں طلب کیا گیا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ بے گناہ اور گناہ گار کا تعین تفتیش کے تقاضے پورے کر کے کیا جارہا ہے۔جے آئی ٹی حکام نے ایک ہفتے پہلے کہا تھا کہ حملوں میں ملوث 1634 افراد ابھی تک انتہائی مطلوب ہیں جن کی گرفتاری کے لئے کوششیں تیز کردی ہیں جبکہ جیوفینسنگ سے 471 افراد کی شناخت مکمل کرلی، 422 افراد سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیئے ہیں۔















