اہم خبریں

ملکی معیشت اوندھے منہ تباہی کی گہری کھائی میں گرتی جارہی ہے،عمران خان

لاہور(نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ ملکی معیشت اوندھے منہ تباہی کی گہری کھائی میں گرتی جارہی ہے،عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ قانون کی حکمرانی کو پوری طرح پسِ پشت ڈالتے ہوئے یہ فسطائی حکومت جنرل مشرف کے مارشل لاء کو کہیں پیچھے چھوڑتے ہوئے، تحریک انصاف کو کچلنے کے یک نکاتی ایجنڈے پر کار بند ہے۔انھوں نے مزید لکھا کہ اس دوران ملکی معیشت اوندھے منہ تباہی کی گہری کھائی میں گرتی جارہی ہے۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 315 روپے میں فروخت ہورہا ہے جبکہ شناختی کارڈ نہ رکھنے والوں کیلئے تو یہ 320 سے 325 روپے میں دستیاب ہے۔ سرکاری اور اوپن مارکیٹ کے نرخ میں 30 روپے فی ڈالر کا فرق ہے۔انہوںنے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ معیشت میں ڈالرز کی ذخیرہ اندوزی، روپے کے مقابلے میں ڈالرز پر عوام اور کاروباری طبقے کے غیر معمولی اعتماد کا سیدھا مطلب یہ ہے کہ ملک میں مقامی یا غیر ملکی سرمایہ کاری نا پید ہے جس سے مجموعی قومی پیداوار (GDP) مزید سکڑ جائے گی یا معیشت کو اس سے بھی شدید دھچکہ پہنچے گا اور ملک نہایت بلند افراطِ زر کے چنگل میں پھنسے گا۔ عمران خان نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم رہنماؤں کے اربوں ڈالرز بیرونِ ملک تجوریوں میں محفوظ ہیں، انہیں معیشت کی تباہی کی رتّی بھر بھی فکر نہیں۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے پاکستانی مقتدرہ (اسٹیبلشمنٹ) ملک کو مکمل معاشی تباہی و بدحالی کی دلدل میں گرنے کی اجازت کیسے دے رہی ہے؟

متعلقہ خبریں