اسلام آباد ( اے بی این نیوز )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے جنرل مینیجر وسیم خان نے کہا ہے کہ نئی ٹی 20 لیگز کے آنے سے انٹرنیشنل کرکٹ میں کھلاڑیوں کی دستیابی کا بحران پیدا ہو گیا ہے لہٰذا آئی سی سی کو چاہیے کہ وہ ٹی 20 لیگز کے ساتھ بات چیت کے ذریعے کھلاڑیوں کی دستیابی کے لیے کوئی راستہ تلاش کرے۔آئی سی سی کے جنرل منیجر آف کرکٹ کا کہنا ہے کہ ریڈ بال کرکٹ کے لیے اگلے ا8 برسوں تک کا لائحہ عمل بنانا چاہیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی سی سی کے ایک اہم ایونٹ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں 15 دن سے بھی کم وقت رہ گیا ہے لیکن کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کے باعث غیر یقینی صورت حال بڑھ رہی ہے۔وسیم خان کے مطابق اس سال جنوبی افریقہ، متحدہ عرب امارات، اور جولائی سے امریکا میں نئی لیگز شروع ہو رہی ہیں جن کے باعث کھلاڑیوں کی دستیابی میں مزید بحران پیدا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جیسن رائے امریکہ کی میجر لیگ کرکٹ (ایم ایل سی) میں کھیلنے کے لیے انگلینڈ کے ساتھ اپنے اضافی معاہدے کے ایک حصے کو آگے بڑھا رہے ہیں، ٹرینٹ بولٹ نے گزشتہ سال نیوزی لینڈ کے ساتھ مرکزی معاہدہ ترک کر دیا تھا۔ان کا کہنا ہے کہ آئی پی ایل فرنچائزز کی جانب سے کھلاڑیوں کو سال بھر کے معاہدے کی پیشکش کی جارہی ہے اور یہ سب انٹرنیشنل کیلنڈر کو پس پشت ڈال کر کیا جا رہا ہے۔وسیم خان کے مطابق حقیقت یہ ہے کہ ڈومیسٹک لیگز شائقین اور پلیئرز کو زیادہ مواقع فراہم کر رہی ہیں جو صرف ہمارے وائٹ بال ٹورنامنٹ ( ایک روزہ یا ٹی ٹوئنٹی) کے لیے فائدہ مند ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کے کیلنڈر کے ساتھ ہی نئی لیگز بھی آرہی ہیں اب ظاہر ہے اس ساری صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں باہمی تعاون کے ساتھ کوئی حل نکالنا ہوگا۔













